بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے کہا ہے کہ ہماری تشویش یہ ہے کہ ان کو کھانے میں کیا دیا اور کیسے رکھا جارہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیاپاکستان میں گفتگو کے دوران مریم ریاض وٹو نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے اہلخانہ کو رات کو پولیس نے اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو کئی عرصے سے آنکھ میں تکلیف تھی، انہیں اسپتال میں رکھنا چاہیے تھا لیکن واپس جیل بھیجا گیا۔
مریم ریاض وٹو نے مزید کہا کہ ہمیں تحفظات ہیں کہ بشریٰ بی بی کی جیل میں کیسے دیکھ بھال ہوگی، ہماری تشویش یہ ہے کہ ان کو کھانے میں کیا دیا اور کیسے رکھا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی سے فیملی کی ملاقات اس وقت ہوئی، جب اسپتال سے واپس جیل لایا جارہا تھا، ہم پٹیشن دائر کر بھی دیں تو سماعت کے لیے لگائی نہیں جاتی۔
مریم ریاض وٹو نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ دونوں کو آنکھوں کا مرض ہوا، بشریٰ بی بی کو پہلے بھی کھانے میں کچھ دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رپورٹس ماہرین سے چیک کرائی تھیں، جن کا کہنا ہے کہ بالکل ہوسکتا ہے کہ اگر کھانے میں کچھ دیا جائے تو کلوٹس بن جائیں۔