• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیا سے ہزاروں زندہ ملکہ چیونٹیاں اسمگل کرنیوالے چینی شہری کو سزا سنادی گئی

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

کینیا میں ایک چینی شہری کو 2,000 سے زائد زندہ چیونٹیاں ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش پر 12 ماہ قید اور 1 ملین کینین شلنگ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

’اسکائے نیوز‘ کے مطابق ملزم ژانگ کیچون کو مارچ میں نیروبی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں اس کے سامان سے 2,200 زندہ ملکہ چیونٹیاں برآمد ہوئی تھیں۔

چیونٹیوں کو خصوصی ٹیوبز اور ٹشو رولز میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔

عدالت نے ملزم کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ چیونٹیوں کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے سخت سزا ضروری ہے کیونکہ یورپ اور ایشیا میں ان کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

استغاثہ کے مطابق ژانگ اور اس کے کینین ساتھی چارلس موانگی کے پاس جنگلی حیات کی خرید و فروخت کے لیے مطلوبہ اجازت نامے نہیں تھے۔ 

ژانگ نے ابتدائی طور پر جرم سے انکار کیا تھا مگر بعد میں اعتراف کر لیا تھا، اس کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیل کا عندیہ دیا ہے۔

کینین حکام کے مطابق ژانگ نے چیونٹیوں کی خریداری کے لیے مجموعی طور پر 130,000 شلنگ ادا کیے تھے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید