ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں پر نئے نقصانات پہنچانے کیلئے تیار ہے۔
اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای نے یومِ فوج کے موقع پر اپنے پیغام میں ایرانی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج نے حالیہ مسلط کردہ جنگ میں بھی ماضی کی طرح بہادری سے وطن کا دفاع کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں جرات و استقامت کے ساتھ اپنی سرزمین، سمندر اور قومی پرچم کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت اور مضبوط صف بندی کے ساتھ ایرانی فوج نے دیگر مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا اور دنیا پر ان کی کمزوری و ذلت واضح کر دی۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی فوج کے ڈرونز امریکی اور صہیونی مجرموں پر بجلی بن کر گرتے ہیں، جبکہ بحریہ دشمنوں کو نئی شکستوں کا مزہ چکھانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے یومِ فوج کے موقع پر تمام فوجی اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ پاسداران انقلاب کی کامیابی ایرانی فوج کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی، جس کے بعد فوج نے شاہی نظام کے اثر سے نکل کر عوام کے درمیان اپنی اصل جگہ حاصل کی۔
انہوں نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں ایرانی فوج کی قیادت کرنے والے شہید کمانڈروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جن میں قرنی، فلاحی، نامجو، فکوری، بابائی، ستاری، اردستانی، صیاد شیرازی سمیت حالیہ شہداء سید عبدالرحیم موسوی اور عزیز نصیرزادہ شامل ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ 40 روزہ جنگ میں ایرانی فوج نے بھرپور دفاع کیا اور خطے میں دشمن تنصیبات پر متعدد کامیاب جوابی کارروائیاں کیں، جبکہ فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے درمیان مکمل ہم آہنگی نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔