• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد سے پہلی حج پرواز مدینہ منورہ روانہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

اسلام آباد سے روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز 270 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو گئی۔

غیرملکی ایئر لائن کی یہ پرواز دن 11 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوئی۔

عازمینِ حج کو رخصت کرنے کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف بھی موجود تھے، جنہوں نے حجاج کو نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔

سعودی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد ال علی اور جوائنٹ سیکریٹری حج محمد بخش سانگی بھی تقریب میں شریک تھے۔

روڈ ٹو مکہ منصوبہ عازمین کے لیے انقلابی سہولت ہے: سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج پہلی حج پرواز کے عازمین کو سرزمین حجاز روانہ کردیا گیا، ہر حاجی کے لیے یہ لمحہ زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے۔

وزیر مذہبی امور نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

 انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ عازمین کے لیے انقلابی سہولت ہے، اسلام آباد سے 36 ہزار، کراچی سے 29800 عازمین مستفید ہوں گے، منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں عازمین کی مکمل رہنمائی یقینی بنائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر حاجی کو سعودی عرب پہنچتے ہی مفت سعودی سم فراہم کی جائے گی، ہر 188 عازمین کے ساتھ تربیت یافتہ ناظم مقرر کیا گیا ہے، کُل عازمین کا 80 فیصد روڈ ٹو مکہ منصوبے سے مستفید ہوگا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ مجموعی طور پر 95800 پاکستانی عازمین اس جدید سہولت سے فائدہ حاصل کریں گے، پہلی بار لاہور سے بھی 30 ہزار عازمین روڈ ٹو مکہ سہولت حاصل کریں گے۔ 

قومی خبریں سے مزید