روس میں مبینہ بم حملے کے الزام میں جرمن خاتون کو گرفتار کر کے حملے کی سازش ناکام بنا دی گئی۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق روسی سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ گرفتار جرمن خاتون کے بیگ سے دیسی ساختہ بم برآمد ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کا یوکرین کی ہدایت پر جنوبی روس میں سیکیورٹی تنصیب کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا۔
سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق جرمن خاتون کو قفقاز شہر سے حراست میں لیا گیا۔
سیکیورٹی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ برآمد ہونے والا دھماکا خیز آلہ تقریباً 1.5 کلو گرام ٹی این ٹی کے برابر طاقت رکھتا تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ تھا، تاہم اسے الیکٹرانک جامنگ کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔
روس اس سے قبل بھی بارہا یہ الزام عائد کرتا رہا ہے کہ یوکرین مختلف گروہوں کے ساتھ مل کر روس میں تخریبی کارروائیاں کر رہا ہے، تاہم ان دعوؤں کے حق میں ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔