وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی تھری اے کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا نظام مزید شفاف اور تیز بنا رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں خطے اور عالمی سطح پر مختلف ممالک میں رائج پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈلز کا موازنہ پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء کو مجوزہ نئے نظام کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت پی تھری اے کی نگرانی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری ڈویژن کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی تھری اے کی کارکردگی کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے یہ ادارہ نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی اور اس سے متعلقہ نظام کو مزید مربوط بنانے کی اصولی منظوری دی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نئے منظور شدہ نظام کے حوالے سے عمل دردآمد پر پیش رفت تیز کی جائے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی ذریعے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی استعداد میں بہتری لائی جائے۔