ایرانی وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں متعدد افراد کو گرفتار کرنے کی مذمت کی۔
تہران سے ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اماراتی اداروں کا حیلے بہانوں سے بے گناہ افراد کو گرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات خطے میں اعتماد سازی میں معاون نہیں، امارات اچھے ہمسائیگی کے اصول پر واپس آجائے۔
یاد رہے کہ یو اے ای کے ریاستی سلامتی کے ادارے نے پیر کو متعدد افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اماراتی حکام کے مطابق ملزمان پر دہشت گرد تنظیم سے وابستگی کا الزام عائد کیا گیا۔ اماراتی حکام کے مطابق تحقیقات سے تنظیم کے ایران سے مبینہ روابط بھی سامنے آئے ہیں۔