وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زمین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آج بھرپور اور پُرعزم انداز میں یہ دن منا رہا ہے، جو زمین کی ناگزیر اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے تحفظ کی اجتماعی ذمے داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ زمین کے قدرتی وسائل انسانی زندگی کی بقاء اور نشو و نما کی ضمانت ہیں جبکہ نباتات و حیوانات سمیت ہر طرح کی زیست کو پروان چڑھانے میں زمین کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کرۂ ارض کو موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے جو قدرتی وسائل، موسمی توازن اور معیارِ زندگی پر اثر انداز ہو رہے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ نمایاں ممالک میں شامل ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ موسمی شدت اور غیرمعمولی تغیرات ماحولیاتی تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں جو زمین کے قدرتی خد و خال کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کا تقاضہ کرتے ہیں۔