سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈیجیٹل انصاف کی فراہمی میں نیا معیار قائم کر دیا جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک بھر میں کثیرالمقامی سماعتوں کا کامیاب آغاز ہوا، اسلام آباد میں بینچ، وکلاء نے کوئٹہ، کراچی اور حیدر آباد سے آن لائن شرکت کی۔
چیف جسٹس اسلام آباد سے جبکہ جسٹس عائشہ ملک لاہور سے بینچ میں شامل ہوئیں، سپریم کورٹ نے ہنگامی صورتِ حال میں بھی عدالتی کارروائی بلا تعطل جاری رکھی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج کا مکمل ڈوکیٹ اسلام آباد بینچ نے سنا، فریقین کوئٹہ سے پیش ہوئے، روایتی کاغذی پیپر بکس کی جگہ مکمل ڈیجیٹل کیس فائلز استعمال کی گئیں، برانچ رجسٹریز سے ریکارڈ طلب کرنے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
مقدمات کی بار کوڈنگ، ای فائلنگ اور ای آفس نظام فعال کر دیا گیا ہے، عدالتی احکامات کی الیکٹرانک ترسیل سے فیصلوں کی فوری فراہمی ممکن ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق ویڈیو لنک سماعتوں سے فاصلے کم، اخراجات میں کمی اور رسائی میں اضافہ ہو گا، سپریم کورٹ عوام دوست، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی انصاف کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔