ایرانی صدر کے دفتر نے ملکی قیادت میں اختلافات کی خبریں مسترد کردیں۔
صدر مسعود پزشکیان کے دفتر سے جاری بیان میں مواصلات کے نائب مہدی طباطبائی نے کہا کہ ایرانی قیادت کے اندر مثالی اتحاد ہے۔
امریکی صدر کا نام لیے بغیر طباطبائی نے کہا کہ دشمن سیاسی پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ جھوٹ گھڑنے کے بجائے، انہیں اپنی وعدہ خلافی، دھونس اور فریب کاری بند کرنی چاہیے، انصاف، وقار اور دانشمندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت اور اس کے میڈیا ادارے غلط فہمیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جبکہ ایران کی حکومت، پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف اور اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی ) کے درمیان کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی میڈیا کی جانب سے متعدد گمراہ کن بیانات سامنے آئے، جن کی حقیقت آسانی سے جانچی جا سکتی ہے۔
ایرانی میڈیا نے کہا کہ امریکا ایران میں تقسیم پیدا کرنے کی امید لگا رہا ہے، مگر 40 روزہ جنگ کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، بلکہ اب وہ اس آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہا ہے جو جنگ سے پہلے کھلی تھی اور جنگ کے بعد بند ہو گئی۔