پاکستان کے معروف اداکار نیئر اعجاز کی ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی۔
نیئر اعجاز ڈرامہ انڈسٹری میں منفی کرداروں کی بہترین اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، ماضی میں لاگ، لاج، دھواں، جنجال پورا، دور، برفی اور لڈو اور چیخ جیسے کامیاب ڈراموں کے علاوہ فلموں نامعلوم افراد 2، تیفا اِن ٹربل اور باجی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔
حالیہ دنوں میں انہیں ڈائن اور سانول یار پیا میں عمدہ پرفارمنس پر بھی سراہا گیا۔
نیئر اعجاز سوشل میڈیا خصوصاً ٹک ٹاک پر کافی متحرک رہتے ہیں جہاں وہ اکثر ڈانس اور لپ سنگ ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے عالمی شہرت یافتہ گانے پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پُرجوش انداز میں ڈانس کرتے نظر آئے۔
ویڈیو میں اداکار نے موسیقی کی دھن کے مطابق ردھمک مووز، ہاتھوں کے تاثراتی اشارے اور ہلکے پھلکے اسٹیپس کا مظاہرہ کیا۔
ان کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ سر! آپ ایک لیجنڈری اداکار ہیں، آپ کو ایسی ویڈیوز نہیں بنانی چاہئیں، یہ آپ کو زیب نہیں دیتا۔
ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ آپ ایک بہترین فنکار ہیں، ٹک ٹاکرز جیسے ڈانس آپ کی شخصیت سے مطابقت نہیں رکھتے، جبکہ ایک اور نے مشورہ دیا ہے کہ آپ سوٹ پہن کر کہانیاں سنائیں، آپ کی آواز بہت متاثر کن ہے اور ایسی ویڈیوز کو لاکھوں ویوز مل سکتے ہیں۔
کچھ صارفین نے تنقید میں مزید سخت الفاظ بھی استعمال کیے ہیں جبکہ ایک مداح نے اداکار کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک فنکار ہیں اور وہی کر رہے ہیں جو انہیں پسند ہے، منفی تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔
نیئر اعجاز کی اس ویڈیو پر جہاں تنقید کا سلسلہ جاری ہے وہیں کچھ مداح ان کے آزادیٔ اظہار اور تفریحی انداز کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔