اداکارہ کالکی کیکلاں نے بھارتی معروف ہدایت کار انوراگ کشیپ سے اپنی طلاق کے حوالے سے پہلی بار کُھل کر بات کی ہے۔
ایک انٹرویو میں کالکی کیکلاں نے کہا ہے کہ صرف تھیراپی کافی نہیں ہوتی، بلکہ جب آپ کا کوئی بہت مضبوط رشتہ ٹوٹ جائے اور دونوں ایک دوسرے کو تکلیف دے چکے ہوں تو کچھ عرصے کے لیے مکمل رابطہ ختم کرنا ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مشکل وقت میں انسان کو پہلے اپنے جذبات کو محسوس کرنا چاہیے جبکہ تھیراپی طویل مدت میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق اگر کسی کے ساتھ لمبے عرصے تک تعلق رہا ہو تو علیحدگی کے بعد کم از کم آدھا وقت ایک دوسرے سے دور رہنا چاہیے۔
کالکی کیکلاں نے کہا کہ غصے، دکھ اور تکلیف کو اپنے قریبی دوستوں یا خاندان کے ساتھ بانٹنا بہتر ثابت ہوتا ہے نہ کہ اسی شخص سے بات کی جائے جس نے تکلیف دی ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب ماضی کی اچھی یادیں دوبارہ یاد آنے لگیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ دوبارہ ملنے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کالکی کیکلاں اور انوراگ کشیپ کی ملاقات فلم ’دیَو ڈی‘ کے دوران ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے 2011ء میں شادی کر لی تھی۔
2015ء میں اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی، اب ان دونوں فنکاروں کے درمیان دوستانہ تعلق قائم ہے۔