• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کا ایک بار پھر اپنے شہریوں کیلئے ایران سے فوری انخلاء کا انتباہ جاری

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

چین نے غیر مستحکم اور سنگین سیکیورٹی صورتِ حال کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو ایک بار پھر ایران سے فوری انخلاء اور محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہونے کا انتباہ جاری کر دیا۔

ایران میں موجود چینی سفارت خانے اور ایران میں قائم قونصل خانوں کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ایران کی فضائی حدود کے بعض حصے پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، تاہم خطے کی مجموعی صورتِ حال اب بھی نازک، پیچیدہ اور غیر یقینی ہے۔

چینی حکام نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ احتیاط برتیں، حساس مقامات خصوصاً ریاستی اور عسکری تنصیبات سے دور رہیں اور جلد از جلد ملک چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

چین نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جو شہری ایران میں موجود رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں، انہیں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مقامی حکام سے فوری رابطہ کرنا چاہیے اور چینی سفارتی مشنز سے مدد حاصل کرنی چاہیے۔

چینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری ہدایات کے باوجود ایران کا سفر کرنے والے شہریوں کو شدید سیکیورٹی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ایسے حالات میں انہیں قونصلر معاونت حاصل کرنے میں بھی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

اس سے قبل بھی چینی حکام نے 27 فروری کو اسی نوعیت کا انتباہ جاری کیا تھا، جو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے آغاز سے ایک روز قبل سامنے آیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید