وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کا مذاق سچ ثابت ہوگیا۔
کیرولین لیوٹ نے وائٹ ہاؤس ڈنر سے پہلے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ازراہِ مذاق کہا تھا کہ آج کچھ گولیاں چلیں گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بہت دلچسپ گفتگو کرنے والے ہیں۔
ترجمان نے یہ گفتگو مزاح کے طور پر کی لیکن بعد میں حقیقت میں گولیاں چل گئیں۔
واضح رہے کہ ہفتے کی رات کو واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، امریکی صدر اور دیگر محفوظ رہے جبکہ حملہ آور پکڑا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مشتبہ شخص کے پاس بہت سے ہتھیار تھے، سیکریٹ سروس نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی، مشتبہ شخص نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کیا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مشتبہ شخص نے 15 گز دور سے حملے کی کوشش کی، خیال ہے ہدف میں ہی تھا، میرے خیال میں شوٹنگ کا ایران جنگ سے تعلق نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ انتہائی حیرت انگیز لمحہ تھا، ٹرے گرنے کی زوردار آوازیں سنیں، میں دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ کیا ہوا، میلانیا نےفوراً کہا بری آواز ہے۔