• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب میں فائرنگ کے بعد ایرکا کرک کی روتے ہوئے ویڈیو وائرل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صحافیوں کے ساتھ ڈنر کی تقریب کے دوران ہوٹل میں فائرنگ کے بعد شرکاء میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایرکا کرک کو روتے ہوئے تقریب سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں ایرکا کرک سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ پریشان حالت میں باہر جاتی دکھائی دے رہی ہیں اور بار بار کہتی سنائی دیتی ہیں"میں صرف گھر جانا چاہتی ہوں۔"

حملہ آور نے سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر کھڑے اہل کاروں پر فائرنگ کی اور دوڑتا ہوا گزر گیا، صدر ٹرمپ نے حملے کی ویڈیو اور ملزم کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کردی۔

امریکی میڈیا کے مطابق تقریب کے آغاز پر صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو ایک پرچی دکھائی گئی، اچانک چھ گولیاں چلائی گئیں جس پر صدر ٹرمپ اور دیگر شرکا اپنی نشستوں سے اتر کر نیچے ہوگئے۔

فائرنگ کی آوازوں پر بال روم میں افراتفری مچ گئی، لوگ ٹیبلوں کے نیچے بیٹھ گئے، مسلح اہل کاروں نے فوری اندر داخل ہوکر پوزیشنیں سنبھال لیں، سیکرٹ سروس نے صدر ٹرمپ کو حصار میں لیا، ٹرمپ تھوڑے لڑکھڑائے اور پھر اہلکار انہیں ہال سے باہر لے گئے۔

خاتون اول میلانیا ٹرمپ، نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ، ملزم نے گرفتاری کے دوران سخت مزاحمت کی، ایک اہل کار کو گولی لگی مگر بُلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا۔

صدر ٹرمپ نے بعد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حملہ آور گرفتار ہو چکا ہے اور آئندہ اقدامات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت کے مطابق ہوں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید