کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز کے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے کے امتحان سے قبل لیک ہونے کے معاملے کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد کیمبرج نے فوری طور پر عالمی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
کیمبرج حکام کے مطابق پیپر 12 (9709) متعدد خطوں میں امتحان سے پہلے شیئر کیے جانے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں افریقہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا شامل ہیں، جس سے امتحانی نظام کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ لیک کی نوعیت اور دائرہ کار کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ امتحانات کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات زیر غور ہیں۔ کیمبرج نے واضح کیا ہے کہ تمام فیصلے سینئر ماہرین کی مشاورت سے کیے جائیں گے اور تمام حقائق سامنے رکھے جائیں گے۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی امتحانی تیاری جاری رکھیں اور کسی بھی غیر مصدقہ معلومات پر انحصار نہ کریں۔ حکام کے مطابق گریڈز کی ساکھ کو برقرار رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہیں۔