اسلام آباد میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس امتحان 2025 کے نتائج جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق امتحان میں کامیابی کی شرح صرف 2.67 فیصد رہی۔
ایف پی ایس سی کے مطابق مجموعی طور پر 12,792 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے صرف 355 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہو سکے۔ بعد ازاں کمیشن نے 170 امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی ہے، جن میں 84 مرد اور 86 خواتین شامل ہیں۔
نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن اسید رفیق نے حاصل کی، دوسری پوزیشن محمد محسن خالد جبکہ تیسری پوزیشن طارق حفیظ کے حصے میں آئی۔
ٹاپ 30 پوزیشن ہولڈرز کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس میں ایلوکیشن دی گئی ہے، تاہم حیران کن طور پر اس بار ٹاپ 30 میں سے کسی امیدوار کو فارن سروس میں ایلوکیشن نہیں ملی۔
ایف پی ایس سی کا کہنا ہے کہ ٹاپ 30 پوزیشن ہولڈرز میں سے 3 کا تعلق بلوچستان سے ہے، 23 کا تعلق پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا سے دو، دو امیدوار کامیاب قرار پائے۔