پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کے اہلِ خانہ نے ان کے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ گلوکار کو پھولوں کے گلدستے بھیجنے کے بجائے فلسطینیوں کو عطیات دیں۔
زین ملک کی خرابیٔ صحت کے حوالے سے خبر سامنے آنے کے بعد سے مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ اور دفاتر میں مسلسل پھولوں کے گلدستے بھجوائے جا رہے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والے تحائف کی تعداد میں اضافے اور ان کا انتظام کرنے میں لاجسٹک چیلنجز کا سامنا ہونے کی وجہ سے زین ملک کی کزن ساشا ملک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار کے مداحوں کے لیے ایک اہم پیغام شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ہم ہر اس شخص کے لیے بہت شکر گزار ہیں جس نے گلدستے بھیجے، لیکن اتنے سارے تحائف سنبھالنا مشکل ہے، اس لیے براہِ مہربانی جو کچھ بھی آپ چاہیں زین کی جانب سے فلسطین پروجیکٹ کے لیے عطیہ کر دیں۔
یاد رہے کہ زین ملک نے 17 اپریل کو انسٹاگرام پر اسپتال کے بستر سے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک ہفتے کے بعد غیر متوقع طور پر صحت یاب ہو رہا ہوں، انہوں نے مداحوں اور طبی عملے کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔