بھارت کے پنجابی اور ہندی فلموں کے معروف اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کے دورہ کینیڈا کے دوران خالصتان کے حامیوں کی جانب سے بھارت مخالف مظاہرے کے بعد اب انھیں دونوں جانب سے ہونے والی تنقید کا سامنا ہے، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان چیلنجز کے باوجود وہ سمجھتے ہیں کہ وہ صحیح راستے پر ہیں۔
آریناز میں لوگوں کے جم غفیر کے درمیان اپنے اوورا ورلڈ ٹور کے ذریعے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیت رہے ہیں۔ تاہم انکی شاندار پرفارمنس اور مداحوں کے جوش و خروش کے باوجود انھیں کافی تنقید کا بھی سامنا ہے۔ انھوں کہا کہ جہاں جاتا ہوں ہر جگہ اور ہر طرف سے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔
کینیڈا میں اپنے کنسرٹ کے دوران گانوں کے بیچ میں انہوں نے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی مشکلات پر روشنی ڈالی۔ سامعین سے گفتگو میں انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ پوری کوشش کریں گے اس شام کو یادگار بنائیں۔
تاہم اس دوران ماحول اس وقت پرجوش ہو گیا جب انہوں نے نوجوان مداحوں کو پنجابی آ گئے اوئے کا نعرہ لگاتے دیکھا۔ اس موقع پر انھوں نے مسکراتے ہوئے اس جملے کو دہرایا اور ساتھ ہی پنجابی میں ایک معنی خیز پیغام بھی دیا اور کہا: تم جتنا چاہو اسے روک لو، لیکن جب یہ بچوں میں جاتا ہے، تو پھر پنجابی آ گئے اوئے والا جذبہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔
بعدازاں انھوں نے کھل کر بات کی اور کہا کہ مجھے دونوں طرف سے گالیوں اور الزامات کا سامنا ہے۔ جب میں بھارت جاتا ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ خالصتانی آگیا۔ اور جب یہاں آتا ہوں تو کچھ دوسرے قسم کے الزامات لگتے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ میں کہاں جاؤں؟ اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ میں صحیح راستے پر ہوں، میرے پاس سب کو پیش کرنے کے لیے صرف محبت ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ دلجیت نے اپنے ٹور کے دوران ایسی صورتحال پر بات کی ہو۔ اس سے پہلے کیلگری میں کنسرٹ کے دوران۔ جب خالصتان کے حق میں نعرے لگے اور خالصتانی پرچم لہرائے گئے تو انھوں نے شو درمیان میں روک دیا۔
وینکوور اور کیلگری میں کامیاب شوز کے بعد دلجیت اب شمالی امریکہ کے مختلف شہروں میں پرفارم کرنے جا رہے ہیں، جن میں روزمونٹ، اورلینڈو، ڈلاس، نیشویل، اٹلانٹا، نیویارک، ٹورنٹو، لاس اینجلس اور سان فرانسسکو شامل ہیں۔
جہاں تک فلمی میدان کا تعلق ہے تو دلجیت ہدایت کار امتیاز علی کی فلم میں واپس آؤنگا میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم محبت اور جدائی کی ایک دل کو چھو لینے والی کہانی کے طور پر بیان کی جا رہی ہے، جس میں نصیرالدین شاہ، شارواری اور ویدانگ رائنا بھی شامل ہیں۔ اسکی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔ یہ فلم 12 جون 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔