معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر پاک افواج، خصوصاً پاک فضائیہ نے قومی دفاع کی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکہ حق نے قومی اعتماد کو نئی جدت دی۔ معرکہ حق نے پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا۔
پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے فضائیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، موثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے پاکستانی قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا ہے۔
پاکستان امن پسند ملک اور پاک افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں۔ پاک افواج کی ہر تیاری، ہر کوشش کا محور خطے میں امن، استحکام کا فروغ ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے۔ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال سے باخبر ہیں۔ پاک افواج دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے باخبر ہیں۔
پاک فوج جدیدٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے، پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کے لیے پہلے سے زیادہ تیار مستعد ہیں، کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، دشمن کو آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے۔
پاک فضائیہ نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا، پاک فضائیہ جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے، پاک فضائیہ ہمیشہ عظیم قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔