بھارت کی ایک دلچسپ اور عجیب کہانی سامنے آئی ہے جس میں ایک خاتون نے شادی کرنے کے لیے پولیس کی مدد مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے سرائے عنایت کی رہائشی مادھوری پٹیل نے پولیس سے ایک درخواست کی ہے۔
خاتون نے درخواست میں پولیس کو بتایا ہے کہ میرے گھر والے اخراجات بچانے کے لیے میری شادی کروانے سے گریز کر رہے ہیں۔
مادھوری پٹیل نے بتایا ہے کہ میں شادی کرنا چاہتی ہوں لیکن میرے بھائی اور بہنوئی بار بار رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں اور کئی رشتے ٹھکرا چکے ہیں۔
خاتون نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ میرے بھائی نے خاندانی زمین بھی اپنے نام کر لی ہے اور اب میری شادی کی ذمے داری اُٹھانے کو تیار نہیں۔
مادھوری پٹیل نے اپنی درخواست میں اپنے والد، والدہ، بھائی اور بہنوئی کو نامزد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں گزشتہ 20 سال سے اکیلی رہ رہی ہوں اور اپنے اخراجات خود اُٹھا رہی ہوں۔
خاتون نے اپنے خاندان پر بدسلوکی کا الزام بھی لگایا اور بتایا کہ مجھے ذہنی اذیت کے ساتھ ساتھ جسمانی تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مادھوری پٹیل نے اپنی درخواست میں پولیس پر زور دیا ہے کہ کوئی مناسب آدمی تلاش کر کے، میری شادی کا انتظام کریں تاکہ میں عزت کے ساتھ رہ سکوں۔
اس حوالے سے بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔