جعلی شادی سرٹیفکیٹ پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی سے عمان جاتے ہوئے خاتون مسافر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران روکا گیا تو اس کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رشتے دار ویزا پر سفر کرنے والی خاتون سے شادی سے متعلق دستاویزات طلب کیے گئے، دستاویزات اور خاتون کے انٹرویو میں بڑے تضادات سامنے آئے۔
ترجمان کے مطابق خاتون کا میرج سرٹیفکیٹ جعلی اور ارینجڈ نکلا، جعلی شادی سرٹیفکیٹ، عمان آئی ڈی اور دیگر مشتبہ دستاویزات تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
مسافر کے موبائل فون سمیت تمام ریکارڈ مزید جانچ کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سفر کے لیے جعلسازی اور دھوکا دہی ناقابلِ برداشت ہے۔