معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہوگیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کے سربراہ اور شاہینوں کی غیر معمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ اور بحری افواج کی دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کےلیے قابلِ فخر قرار دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا۔
پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے: وزیراعظم
معرکہ حق کی مناسبت سے جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قوم شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہداء فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذ پر افواج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا، پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت، ایئر چیف مارشل اور ایڈمرل کی حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد
معرکہ حق کی کامیابی کے پہلے سال کے موقع پر آرمی چیف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے بھی قوم اور افواج کو مبارکباد پیش کی۔
ترجمان پاک افواج نے کہا کہ قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جانے والا یہ دن پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کا ثبوت ہے۔