معروف پاکستانی میزبان اور پروڈیوسر ندا یاسر نے شادی کے بعد بیٹوں کے رویے میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
مدرز ڈے اسپیشل پروگرام کے دوران ایک کالر کے سوال کے جواب میں ندا یاسر نے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ندا یاسر نے کہا ہے کہ بہت سی مائیں اس درد سے گزرتی ہیں کہ شادی کے بعد ان کے بیٹے بدل جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ کیوں ہوتا ہے، بیٹے اپنی شادی شدہ زندگی اور والدین کے درمیان توازن کیوں نہیں رکھ پاتے؟ شادی کے بعد مرد کی ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ دونوں رشتوں کو برابر وقت اور اہمیت دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر مرد دونوں تعلقات کو ساتھ لے کر چلنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں، جس کی وجہ سے گھرانوں میں مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے بہتر سمجھ بوجھ اور توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ندا یاس نے یہ بھی کہا کہ اکثر لوگ اپنے بیٹوں کے لیے اچھے اور شریف گھرانوں کی لڑکیاں منتخب کرتے ہیں، لیکن وقت کے ساتھ حالات بدل بھی سکتے ہیں اور بعض اوقات رشتوں میں مسائل سامنے آ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ ندا یاسر گزشتہ کئی سال سے مارننگ شوز میں مختلف سماجی موضوعات پر گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث رہتی ہیں۔