قطری وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اور ترکیہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستانی ثالثی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انھوں نے یہ بات آج دوحہ میں ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔
قطری وزیراعظم عبدالرحمان بن جاسم الثانی کا کہنا تھا کہ انھوں نے ترک وزیر خارجہ سے ایران جنگ کے باعث خطے کی صورتحال پر پڑنے والے اثرات پر بات چیت کی۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا ایران جنگ میں آبنائے ہرمز کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، دنیا اور خطے میں عدم استحکام کے علاوہ اس جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ سے غزہ کی پٹی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال بھی کیا، ترکیہ ان شراکت داروں میں شامل ہے جن سے قطر خطے میں جنگ پر مشاورت کرتا ہے۔
قطری وزیر اعظم نے کہا کہ ترکیہ اہم علاقائی مسائل میں ایک رہنما شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے، قطر اور ترکیہ جنگ کے خاتمے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قطر خطے میں امن بحال کرنے کیلئے خلیجی ریاستوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گا، ایران کے ساتھ سفارتکاری کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، جنگ کے خاتمے کے لیے بیک ڈور مذاکرات کو جاری رہنا چاہیے۔