بنگلادیش کے 2 شہری جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے میں جاں بحق ہوگئے، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ 8 لاکھ ٹکا قرض لیکر کمانے کیلئے لبنان گئے تھے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز جنوبی لبنان کے علاقے زیبدین میں ڈرون حملہ کیا، جس میں 2 بنگلادیشی شہری 48 سالہ شفیق الاسلام اور 22 سالہ محمد ناہید الاسلام جاں بحق ہوگئے۔
شفیق الاسلام کی والدہ کے مطابق دونوں افراد رواں سال 25 فروری کو لبنان گئے تھے۔ ناہید بطور چرواہا جبکہ شفیق ایک بیکری میں کام کرتا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق پیر کی دوپہر ممکنہ اسرائیلی حملے کے خوف سے دونوں ایک وین کے ذریعے محفوظ مقام کی جانب جا رہے تھے کہ ڈرون حملے میں موقع پر ہی مارے گئے۔
شفیق الاسلام کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے بیرون ملک جانے کے لیے تقریباً 8 لاکھ ٹکا قرض لیا تھا اور لبنان پہنچنے کے بعد صرف ایک مرتبہ گھر رقم بھیج سکا تھا۔ ان کے مطابق شفیق خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی دو بیٹیاں ہیں۔
ناہید الاسلام کی والدہ نے بتایا کہ ناہید اپنے دو بھائیوں میں بڑا تھا اور اس نے بھی قرض لے کر لبنان کا سفر کیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق دونوں دوست ایک ہی علاقے میں کام کرتے تھے اور ایک ساتھ ہی جان کی بازی ہار گئے۔