امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں، جس کے بعد وہ 26 مئی کو مکمل طبی اور ڈینٹل چیک اپ کروائیں گے۔
وائٹ ہاؤس نے جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ کا معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں کیا جائے گا، یہ معمول کا سالانہ طبی اور ڈینٹل معائنہ ہے جو صحت کی نگہداشت کا حصہ ہوتا ہے۔
یہ ٹرمپ کی دوبارہ صدارت سنبھالنے کے بعد چوتھی مرتبہ میڈیکل وزٹ ہو گا، ٹرمپ آئندہ ماہ جون میں 80 برس کے ہو جائیں گے، جس کے بعد وہ وائٹ ہاؤس کے لیے منتخب ہونے والے معمر ترین امریکی صدر بن جائیں گے۔
حالیہ مہینوں میں صدر ٹرمپ کی صحت سے متعلق خدشات اُس وقت بڑھے جب مختلف عوامی تقریبات میں ان کے ہاتھوں اور جلد پر نیل اور زخم نما نشانات دیکھے گئے۔
صدر کے معالج نے وضاحت دی تھی کہ یہ نشانات بہت زیادہ مصافحے کرنے اور روزانہ اسپرین استعمال کرنے کی وجہ سے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ روزانہ 325 ملی گرام اسپرین استعمال کرتے ہیں، جو دل کی بیماری سے بچاؤ کے لیے تجویز کردہ مقدار سے زیادہ بتائی جا رہی ہے، تاہم ٹرمپ نے اپنی صحت سے متعلق تمام خدشات کو مسترد کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں خود کو آج بھی ویسا ہی محسوس کرتا ہوں جیسا 50 سال پہلے کرتا تھا۔