امریکا میں شفافیت کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے نیویارک میں ایک منفرد عارضی نمائش منعقد کی ہے، جہاں بدنامِ زمانہ سرمایہ کار اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق امریکی محکمۂ انصاف کی جاری کردہ تمام دستاویزات عوام کے سامنے رکھی گئی ہیں۔
نمائش کو دی ڈونلڈ ٹرمپ اینڈ جیفری ایپسٹین میموریل ریڈنگ روم کا نام دیا گیا ہے، جہاں تقریباً 35 لاکھ صفحات پر مشتمل ریکارڈ کو 3437 جلدوں میں بائنڈ کر کے شیلفوں پر ترتیب دیا گیا ہے۔
واشنگٹن میں قائم تنظیم دی انسٹیٹیوٹ آف پرائمری فیکٹس کے مطابق جب سچائی آپ کے سامنے چھپی ہوئی کتابوں کی شکل میں موجود ہو تو اسے جھٹلانا مشکل ہو جاتا ہے۔
یہ نمائش نیویارک کے علاقے ٹرائی بیکا میں قائم کی گئی ہے، جہاں دلچسپی رکھنے والے افراد آن لائن رجسٹریشن کے بعد جا سکتے ہیں، تاہم امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے بعض متاثرین کے نام مکمل طور پر خفیہ نہ رکھنے کی غلطی کے باعث عام شہریوں کو ان دستاویزات تک مکمل رسائی نہیں دی جا رہی، صرف صحافیوں، وکلاء اور چند مخصوص پیشہ ور افراد کو فائلیں دیکھنے کی اجازت حاصل ہے۔
نمائش میں امریکی صدر ٹرمپ اور جیفری ایپسٹین کے درمیان برسوں پر محیط تعلقات سے متعلق مواد بھی شامل کیا گیا ہے، دونوں کئی دہائیوں تک قریبی دوست رہے ہیں، تاہم 2004ء میں ایک جائیداد کے تنازع کے بعد ان کے تعلقات خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
ٹرمپ متعدد بار ایپسٹین فائلز میں نام آنے کے باوجود کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں۔
اس نمائش کا مقصد عوام کو امریکا میں مبینہ بدعنوانی اور جمہوریت کو درپیش خطرات سے آگاہ کرنا ہے، یہ نمائش 21 مئی تک عوام کے لیے جاری رہے گی۔