منشیات فروش انمول عرف پنکی کے کیس سے ایس ایس پی ساؤتھ کو تحقیقات سے ہٹا دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ عرفان بلوچ پنکی کی عدالت میں پیشی کے دوران سامنے آنے والے معاملات کی تحقیقات کریں گے، پروٹوکول پر عمل نہ کرنے کے معاملے کی بھی انکوائری کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو 3 دن میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، غفلت اور لاپروائی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں گارڈن کے علاقے سے کوکین اور منشیات کی بڑی سپلائر انمول عرف پنکی کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور پستول برآمد کی گئی تھی۔
گارڈن کے علاقے میں پولیس اور سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا تھا، ملزمہ کے قبضے سے 1 پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور مواد برآمد کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ کراچی میں منشیات بیچنے کے الزام میں گرفتار خاتون کی بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیشی ہوئی تھی، ملزمہ بے خوف انداز میں عدالتی راہداریوں میں گھومتی رہی تھی۔
گرفتار ملزمہ کو پروٹوکول دینے پر ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال، ایس آئی یو انسپکٹر ظفر اقبال کو بھی معطل کر دیا گیا تھا، جبکہ واقعے کی انکوائری ایس ایس پی ساؤتھ کے سپرد کر دی گئی تھی۔