امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت پر ہماری نظر ہے، ہرمز سے اگر جہازوں کی آمد و رفت نہیں ہوگی تو یہ معاہدےکی کھلی خلاف ورزی ہوگی، آبنائے ہرمز کے ٹول یا فیس کے لیے خلیجی ممالک کی صفر حمایت ہے۔
بحرین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ عمان نے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں ٹول لینے کے حق میں نہیں ہیں، یورپی ممالک آبنائے ہرمز کُھلی چاہتے ہیں لیکن وہ اس کام کے لیے آگے نہیں آئے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بہت اچھی رہیں، ان ممالک نے اپنے کچھ سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا ہے، خطے میں پراکسیز گروپ کو حاصل ایران کی حمایت امن کی راہ میں رکاوٹ ہے، ہم ایران کے اقدامات سے معاہدے پر قائم رہنے کی ان کی نیک نیتی کو دیکھیں گے، صدر ٹرمپ بھی عملی اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ لبنان میں ہماری پہلی ترجیح لبنان کا پُرامن مستقبل ہے، لبنان میں گزشتہ روز گاڑی میں دو افراد کے اسرائیلی چوکی کی طرف بڑھنے پر انہیں نشانہ بنایا گیا، کوئی خطرہ ہوتا ہے تو اسرائیلی فوج اپنے دفاع میں کارروائی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اس وقت تک امن نہیں ہوسکتا جب تک ایران دہشتگردوں کی معاونت جاری رکھے گا، ایران کے ساتھ کوئی بھی ڈیل خلیجی اتحادیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائے گی، خلیجی ممالک سے ایران کی تعمیر نو کے فنڈ سے متعلق بات نہیں ہوئی، ایران کے ساتھ معاہدے میں خلیجی اتحادیوں کا تحفظ بھی شامل ہوگا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ خطے میں پراکسیز گروپ کو حاصل ایران کی حمایت امن کی راہ میں رکاوٹ ہے، ہم ایران کے اقدامات سے معاہدے پر قائم رہنے کی ان کی نیک نیتی کو دیکھیں گے، صدر ٹرمپ بھی عملی اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، یورپی ممالک کی جانب سے فوجی اڈوں کے استعمال کی اجازت نہ دینے سے ٹرانس اٹلانٹک اتحاد کمزور ہوا، ایران امریکا سے زیادہ یورپ کے لیے خطرہ ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے وینزویلا میں زلزلے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کے اس وقت میں وینزویلا کے ساتھ ہیں، امدادی ٹیمیں بھی بھیجی ہیں، وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں پر شدید افسوس ہے۔