نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے قبضے میں لیے گئے جہاز میں موجود 11پاکستانی واپس آگئے، ایران کے 20 شہری بھی ہم واپس لینے میں کامیاب ہوگئے۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانیوں کی فلاح و بہبود خصوصاً مشکل میں پھنسے ہوئے شہریوں کی مدد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انھوں نے کہا کہ سنگاپور کے وزیراعظم، حکومت اور وزیر خارجہ کے تعاون اور مسلسل رابطےپر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستانی کوششوں پر اعتماد قابل قدر ہے، ایرانی بھائیوں کی واپسی میں تعاون جاری رکھیں گے۔
انھوں نے کہ امریکی وزیر خارجہ کا 31 پاکستانی و ایرانی شہریوں کی واپسی میں قریبی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا حکومتِ تھائی لینڈ کا بنکاک کے ذریعے ٹرانزٹ سہولت فراہم کرنے پر بھی مشکور ہیں، پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی واپسی سنگاپور کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ تمام افراد محفوظ اور خیریت سے وطن واپسی کے سفر پر گامزن ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سنگاپور سے بنکاک پہنچنے کے بعد پاکستانی شہری اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار ہوئے جبکہ ایرانی شہریوں کی بھی وطن واپسی میں سہولت فراہم کی جائے گی۔