امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر فیصلہ کُن حملہ پاکستان کے بعض بہت اچھے لوگوں کی درخواست پر روکا، وہ شخصیات ایران کے بہت قریب ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان اچھے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ کیا آپ رُک سکتےہیں، ہم ڈیل کرا دیں گے۔
امریکی صدر نے ایران سے متعلق کہا کہ ہر بار جب وہ ڈیل کرتے ہیں تو اگلے روز ایسا لگتا ہے کہ ہماری بات چیت ہوئی ہی نہیں، ان کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جنگ بندی کے حق میں نہیں تھا مگر دوسری اقوام کے کہنے پر جنگ بندی کی، یہ جنگ بندی پاکستان پر نوازش تھی۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی اور دونوں کو شاندار شخصیات قرار دیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے دورۂ چین کو کامیاب اور تاریخی بھی قرار دیا۔
دورۂ چین کے بعد واپس وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ عظیم تجارتی معاہدے ہوئے، ہمارے بہترین تعلقات ہیں، آپ کو بہت سی چیزیں معلوم ہوں گی۔