• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفانی ہوا نے شہری کو فضا میں اُڑا دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

---ویڈیو گریب
---ویڈیو گریب

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں آنے والے شدید طوفان نے ایک شخص کو ہوا میں اُڑا دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز آندھی کے دوران ایک شخص ٹین کے شیڈ کے ساتھ فضا میں بلند ہو جاتا ہے اور چند لمحوں بعد زمین پر آ گرتا ہے، جبکہ موقع پر موجود افراد حیرت زدہ رہ جاتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت ننھے میاں کے نام سے ہوئی ہے، جو بریلی کے گاؤں ببیانہ کا رہائشی اور مزدور پیشہ شخص ہے۔

تاہم بعد ازاں بریلی پولیس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ویڈیو میں ڈرامائی اثر پیدا کرنے کے لیے ڈیجیٹل ایڈیٹنگ کی گئی تھی، لیکن واقعہ حقیقی ہے۔

بریلی کے ڈی ایس پی نتن کمار کے مطابق شدید طوفانی ہواؤں کے باعث ننھے میاں کے گھر سے منسلک ٹین کی چادر اکھڑ گئی، چونکہ وہ اس وقت شیڈ کے ستون کے ساتھ کھڑے تھے، اس لیے ہوا کے زور سے وہ بھی شیڈ کے ساتھ کھنچتے ہوئے اوپر چلے گئے۔

پولیس کے مطابق بعد میں کچھ افراد نے ویڈیو میں بصری تبدیلیاں کر کے اسے مزید سنسنی خیز بنا دیا اور سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ ننھے میاں کے بازو میں فریکچر آیا ہے جبکہ انہیں معمولی چوٹیں بھی لگی ہیں، وہ اس وقت زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ننھے میاں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دیگر مزدوروں کے ساتھ کام کر رہا تھا کہ اچانک موسم خراب ہو گیا، میں نے ساتھیوں سے کہا کہ تم لوگ شیڈ کو باندھو، میں اسے پکڑتا ہوں، لیکن تیز ہوا مجھے ٹین کے شیڈ سمیت اُڑا لے گئی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اتر پردیش میں شدید بارشوں، آندھی اور طوفانی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مختلف موسمی حادثات میں کم از کم 89 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید