ایران میں سرکاری ٹی وی پر امریکا کی جانب سے زمینی حملے کے لیے شہریوں کو ذہنی و دفاعی طور پر تیار کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔
ان پروگرامز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں جن میں پروگرامز کے میزبانوں کو ہلکے ہتھیاروں جیسے کہ کلاشنکوف کو چلانے کی تربیت لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
صرف ایران کے سرکاری ٹی وی پر ہی نہیں بلکہ ملک کے مختلف شہروں میں مسجدوں میں بھی شہریوں کو سول دفاع کی تربیت دینے کے سلسلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایران میں شہریوں کو دی جانے والی سول دفاع کی تربیت کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں شہریوں کو ہلکے ہتھیار چلانے کی تربیت لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ایران میں یورینیم کی افزودگی اور آبنائے ہرمز کی امریکی بحری ناکہ بندی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں۔
ایسی صورتِ حال میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا خاتمہ ہونے اور حالات مزید کشیدہ ہونے کا خطرہ ہے۔