وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے کو آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے۔
سہیل آفریدی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو بند گلی میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، خیبر پختونخو ا معدنیات، سستی بجلی اور گیس فراہم کررہا ہے۔ اس کے باوجود صوبے کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے، غلط پالیسیوں کا ملبہ خیبر پختونخوا پر ڈالا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک مائنڈ سیٹ خیبر پختونخوا کو آگے نہیں جانے دے رہا ہے، ہمیں مجبوراً اپنے فیصلے خود کرنے ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا کو آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے، صوبہ تقریباً 494 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے، سی این جی سیکٹر کو 36 سے 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس بندش سے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، گیس پیدا کرنے والےصوبے کو گیس استعمال کا پہلا حق ہے۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آئین کے مطابق گیس پیدا کرنے والے صوبے کی ضروریات پہلے پوری کرنا ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس دوسرا آپشن سی این جی کا ہے، کے پی میں سی این جی بندش سے ٹیکسی ڈرائیورز اور غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔