بنوں میں تھانہ میریان کی حدود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10کلو وزنی دیسی ساختہ بم ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد مارے گئے اور کئی زخمی ہو گئے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن صبح سویرے شروع کیا گیا تھا۔
سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آپریشن میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا، دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے جدید ڈرون اور ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔
سی پی او کے مطابق آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پی ذوالفقارحمید نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔