جنوبی بھارت کے تیلگو سپر اسٹار رام چرن نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بومرا کو فٹبالر کہنے پر ان سے معذرت کر لی ہے۔
یاد رہے کہ ایک میڈیا گفتگو کے دوران رام چرن نے بومرا کو غلطی سے فٹبالر کہہ دیا تھا۔
اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ بھوپال میں فلم پیڈی کی میوزک لانچنگ کے موقع پر رام چرن کے ساتھ جھانوی کپور، اے آر رحمان اور فلم کی دیگر ٹیم بھی موجود تھی۔
تقریب کے دوران رام چرن سے مختلف بھارتی کرکٹرز کو چند الفاظ میں بیان کرنے کے لیے کہا گیا۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کے کیریئر کو ایک طویل اور شاندار سفر قرار دیا، مہندر سنگھ دھونی کو پُرسکون اور ٹھنڈے مزاج کا کہا، ویرات کوہلی کو آگ سے تشبیہ دی۔
تاہم جب ان سے بومرا کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کرکٹ اور فٹبال کو آپس میں گڈمڈ کر بیٹھے اور کہا کہ جسپریت بومرا میں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں، مجھے فٹبال بہت پسند ہے اور جس طرح آپ فٹبال میں آگے بڑھ رہے ہیں، لاجواب ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں مداحوں نے اس غلطی پر تبصرے کیے اور مزاحیہ میمز بھی بنائیں۔
بعدازاں رام چرن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی غلطی کی وضاحت کرتے ہوئے معذرت کی اور لکھا، ’میں واقعی کبھی کبھی ناموں کے معاملے میں بہت بھولنے والا ہوں۔ جسپریت بومرا سے اس غلطی پر معذرت چاہتا ہوں، یہ ہجوم اور جوش کے درمیان ایک حقیقی انسانی غلطی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھارتی فاسٹ بولر کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان کے کھیل کے بڑے مداح ہیں۔