جنوبی بھارت کے نامور اداکاروں رام چرن اور الو ارجن کے درمیان دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔ رام چرن نے اپنے کزن الو ارجن کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا جس کے بعد سے اس معاملے پر مزید چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
آندھرا پردیش کے انتخابات سے قبل جب الو ارجن نے اپنے چچا پون کلیان کے سیاسی مخالف شلپا روی چندرا کشور ریڈی کی حمایت میں نندیال کا دورہ کیا، تب سے کنڈیلا اور الو خاندانوں کے درمیان کشیدگی کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
اس تنازعے کو مزید ہوا تب ملی جب حال ہی میں رام چرن نے الو ارجن کو انسٹاگرام پر ان فالو کیا، جس کے بعد مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ دونوں کزنز کے تعلقات میں دراڑ آ چکی ہے۔
مداحوں نے یہ نوٹ کیا کہ رام چرن نے انسٹاگرام پر الو ارجن کو ان فالو کر دیا، جبکہ وہ ارجن کے بھائی الو سریش کو اب بھی فالو کر رہے ہیں۔
دوسری جانب رام چرن کی اہلیہ اپسنا کنڈیلا ابھی بھی الو ارجن کو اپنے پبلک اور پرائیویٹ اکاؤنٹس سے فالو کر رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ الو ارجن خود انسٹاگرام پر صرف اپنی اہلیہ الو سنیہا ریڈی کو فالو کرتے ہیں، جبکہ سنیہا اب بھی رام چرن کو فالو کر رہی ہیں۔
ایکس پر رام چرن اور الو ارجن کے مداحوں کے درمیان گرما گرم بحث چھڑ گئی کہ آیا دونوں کے درمیان واقعی کوئی اختلاف ہے؟
ایک مداح نے لکھا، ’کچھ سال پہلے الو ارجن نے انسٹاگرام پر سب کو ان فالو کردیا تھا سوائے اپنی بیوی کے۔ اب رام چرن نے بھی الو ارجن کو ان فالو کر دیا۔ الو ارجن نے فلم گیم چینجر کےلیے بھی کوئی ٹوئٹ یا مبارکباد نہیں دی۔ کیا واقعی دونوں کے درمیان کوئی تنازع چل رہا ہے؟‘
رام چرن کے مداحوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر الو ارجن انہیں فالو نہیں کرتے، تو چرن کا ان فالو کرنا بھی کوئی بڑی بات نہیں۔
ایک صارف نے لکھا، ’کیا الو ارجن رام چرن کو فالو کر رہے ہیں؟ اگر نہیں، تو پھر رام چرن کا ان فالو کرنا بھی ٹھیک ہے۔‘
یہ معاملہ اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب الو ارجن کے والد الو اروند نے رام چرن کی فلم گیم چینجر کی باکس آفس پر ناکامی پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے ایک تقریب کے دوران پروڈیوسر دل راجو کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ ان کی ایک فلم فلاپ ہوگئی جبکہ دوسری کامیاب رہی۔