یومِ تکبیر کی 28 ویں سالگرہ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئرچیف اور نیول چیف نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، اس دن پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا، یہ عظیم سنگِ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دن علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، یہ تاریخی کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز کی غیرمعمولی خدمات کی بدولت ہے، یہ کامیابی پاک افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی دفاعی و اسٹریٹجک صلاحیت مقدس قومی امانت ہے، یہ خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مؤثر دفاعی صلاحیت کی ضامن ہے۔
پاک افواج وطن کے دفاع کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، پاک افواج ملک کی سلامتی، استحکام اورخوشحالی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ اس عظیم موقع پر اللّٰہ تعالیٰ کے حضور سربسجود پوری قوم اتحاد، بیداری، مضبوط وخوشحال پاکستان کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتی ہے، پاکستان افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔