پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ دباؤ ، جذبات اور یادیں ایک ساتھ لے کر آتے ہیں اور ان سب چیزوں کا حصہ بننا کرکٹرز کا خواب ہوتا ہے۔
فاطمہ ثناء نے آئی سی سی کے کالم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے اور پُرجوش ہیں، انگلینڈ میں ہونے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ عالمی سطح پر مہارت دکھانے کا ایک اور موقع ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء میں ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز تھا، ایک مرتبہ پھر ٹورنامنٹ میں قیادت کرنے کے لیے پُرجوش ہوں، یہ ٹیم سنئیر تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبی نیشن ہے، ہماری ٹیم میں میچ ونرز ہیں۔
فاطمہ ثناء نے مزید کہا کہ ہمارے پاس منیبہ علی، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال جیسی تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے والی کھلاڑی ہیں، ٹیم اب پہلے سے بہتر انداز میں سمجھتی ہے کہ دباؤ میں کیسے کھیلنا ہے، مواقع سے کیسے فائدہ اٹھانا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ نے ویمن کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا کام کیا ہے، اس فارمیٹ سے ویمن کرکٹرز کی انرجی اور تفریح میں اضافہ ہوتا ہے، اس سے ان کی توجہ کھیل پر بڑھنے سے ان کے لیے زیادہ مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
فاطمہ ثناء نے یہ بھی کہا کہ ویمن ٹی 20 کرکٹ دیکھنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔