مالدیپ میں ہونے والے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرتو سولانو نے ٹورنامنٹ کے لیے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
اسکواڈ میں کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے جن میں یوسف بٹ، عیسیٰ سلیمان، مامون موسیٰ، محمد فضل، علی شاہ اور علی نیازی شامل ہیں۔
عادل نبی بھی حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، جب کہ علی خان کو سینئر قومی ٹیم میں پہلی بار طلب کیا گیا ہے، قومی ٹیم کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا:
گول کیپرز: ثاقب حنیف، یوسف بٹ، حسن علی
ڈیفنڈرز: عبداللّٰہ اقبال، محمد فضل، عبداللّٰہ شاہ، عیسیٰ سلیمان، محب آفریدی، مامون موسیٰ، علی نیازی، حارث زیب
مڈ فیلڈرز: عادل نبی، راحص نبی، عالمگیر غازی، حیان خٹک، علی آغا، اوٹس خان
فارورڈز: شائک دوست، عمر نواز، علی شاہ، علی خان، عبدالصمد ارشد، ہارون حامد۔
یہ ٹورنامنٹ 1 سے 10 جون 2026ء تک مالدیپ کے شہر مالے میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم 30 مئی کو مالدیپ کے لیے روانہ ہو گی، جو 4 ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان مالدیپ، بنگلا دیش اور افغانستان سے مقابلہ کرے گی، تمام میچز مالے کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق شاہینز یکم جون کو بنگلا دیش کے خلاف پہلا، 4 جون کو مالدیپ کے خلاف دوسرا اور 7 جون کو افغانستان کے خلاف تیسرا میچ کھیلیں گے جبکہ فائنل 10 جون کو کھیلا جائے گا۔