امریکی ریاست پینسلوانیا کے پوکونو ماؤنٹینز علاقے میں اسکول ٹرپ کے دوران رافٹنگ حادثے میں 12 سالہ طالبعلم ہلاک ہوگیا۔
حکام کے مطابق طالب علم سیزر البارسن چھٹی جماعت کا طالبعلم تھا، بدھ کی شام دریا میں رافٹنگ کر رہا تھا کہ اچانک کشتی الٹ گئی، اس وقت کشتی میں 5 افراد سوار تھے اور حادثے کے نتیجے میں تمام افراد پانی میں جا گرے۔
دیگر افراد تو محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم سیزر فوری طور پر پانی سے باہر نہ آسکا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن کیا، بعد ازاں بچے کی لاش دریا سے نکال لی گئی۔ حکام نے انہیں موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق اس تعلیمی دورے میں مجموعی طور پر 74 طلبہ شریک تھے۔ اسکول انتظامیہ نے طلبہ اور اہلِ خانہ کے لیے کونسلنگ سہولیات فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔