معروف اداکار ارسلان خان نے شادی شدہ زندگی کی حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی ہرگز آسان نہیں بلکہ یہ ایک بڑی ذمے داری ہے، جس کے لیے ذہنی اور عملی طور پر تیار ہونا ضروری ہے۔
ارسلان خان اور ان کی اہلیہ حرا خان پاکستان کی پسندیدہ شوبز جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، دونوں نے 3 سال قبل ایک یادگار اور رومانوی تقریب میں شادی کی تھی اور تب سے ایک دوسرے کے کیریئر اور ذاتی زندگی میں بھرپور ساتھ نبھا رہے ہیں۔
حال ہی میں دونوں فنکار ایک پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں ارسلان خان نے شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران ارسلان خان نے کہا کہ شادی بالکل بھی آسان کام نہیں ہے، یہ ایک مشکل اور ذمہ داریوں سے بھرپور رشتہ ہے۔
انہوں نے خاص طور پر نوجوان مردوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شادی صرف شوق یا وقتی جذبات کی بنیاد پر نہیں کرنی چاہیے بلکہ اس وقت کرنی چاہیے جب انسان ذمے داریاں اٹھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہو۔
ارسلان خان کے مطابق اگر آپ ذمے داری لینے کے لیے تیار نہیں ہیں تو شادی کا فیصلہ بھی نہ کریں، کیونکہ شادی صرف محبت کا نام نہیں بلکہ اسے نبھانے کے لیے قربانی، برداشت اور سنجیدگی بھی درکار ہوتی ہے۔
اداکار کے اس حقیقت پسندانہ بیان کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے، کئی صارفین کا کہنا ہے کہ شادی سے متعلق نوجوانوں کو ایسے ہی عملی اور ذمے دارانہ مشوروں کی ضرورت ہے تاکہ وہ زندگی کے اس اہم فیصلے کو سمجھداری سے لے سکیں۔