پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کی حکومتیں نہ گرائی جاتیں تو یہ ملک ترقی کرچکا ہوتا۔
اسکردو میں جلسہ عام سے خطاب میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم اپنی کوتاہی کا اعتراف کرتے ہیں، این ایف سی میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو شیئر ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی میں آپ کا شیئر آئے گا تو پیسے مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق سےزیادہ صوبوں کے پاس فنڈز ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پاکستان میں جدید انفرا اسٹریکچر کی بنیاد رکھی، اگر ن لیگ کی حکومتیں نہ گرائی جاتیں تو یہ ملک ترقی کرچکا ہوتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ آپ کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ مجھے 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈینگ کا سن کر بہت تکلیف ہوئی ہے۔ شہباز شریف نے 100 میگاواٹ سولر انرجی پروجیکٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بدقسمتی سے گندگی کا ڈھیر ہے، کوئی داد رسی کرنے والا نہیں، پنجاب کے کسی شہر بھی جائیں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔
اس موقع پر خطاب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کہ وعدے کرنے والوں کے ماضی کودیکھ کر اپنا ذہن بنائیں، شہباز شریف کی حکومت نے ہی آپ کا مسئلہ حل کرنا ہے۔