کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت دیگر 6 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
ملزم ارمغان کو سماعت کے دوران انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزم ارمغان نے عدالت میں جیل انتظامیہ پر پیسے لینے کا الزام عائد کر دیا۔
عدالت کو دیے گئے بیان میں ملزم نے کہا ہے کہ پیشی پر پیش کرنے کے بھی پیسے مانگے جاتے ہیں، جس پر ارمغان کی ماں نے سوال کیا کہ کیا ہم تمہارے پیسوں کے لالچ میں آتے ہیں؟
ملزم ارمغان نے جواب دیا کہ ماں اور وکیل کو پیسوں کا لالچ نہیں ہے، گزشتہ سماعت پر میں نے والدہ اور وکیل کے حوالے سے پیسوں کا نہیں کہا تھا، فاضل عدالت سے سننے میں غلطی ہوئی، اس وقت بھی جیل انتظامیہ کا کہا تھا۔