• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی شخص کو امتحان کے 21 سال بعد سرکاری نوکری ملی، مگر عمر کی حد آڑے آ گئی

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی ریاست کیرالہ کے رہائشی عبدالمجید کو سرکاری ملازمت کا تقرری نامہ امتحان دینے کے 21 سال بعد موصول ہوا ہے، اس وقت وہ ملازمت کے لیے مقررہ عمر کی حد عبور کر چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عبدالمجید نے 2005ء میں جونیئر عربی استاد کی اسامی کے لیے امتحان دیا تھا اور کامیاب امیدواروں کی فہرست میں شامل تھے تاہم فہرست کی 3 سالہ مدت کے دوران انہیں تقرری نہ مل سکی، فہرست کی مدت 3 سال بعد 2008ء میں ختم ہو گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق خالی اسامی کئی برس تک پُر نہ ہو سکی جس کے بعد 24 اپریل 2026ء کو عبدالمجید کو اچانک تقرری کا مراسلہ جاری کیا گیا تاہم 27 مئی 2026ء کو ان کی عمر 60 سال ہو گئی جس کے باعث وہ سرکاری ملازمت سنبھالنے کے لیے قانونی طور پر نااہل قرار پائے۔

عبدالمجید کا کہنا ہے کہ 18 سال کی تاخیر نے مجھ سے وہ ملازمت چھین لی جس کا حق دار تھا، اگر تقرری بر وقت ہو جاتی تو برسوں پہلے ملازمت اختیار کر سکتا تھا۔

معاملے میں ایک اور پہلو بھی سامنے آیا ہے۔ 

عبدالمجید کے تعلیمی ریکارڈ میں تاریخِ پیدائش 27 مئی 1966ء درج ہے جبکہ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ میری اصل تاریخِ پیدائش 27 مئی 1967ء ہے۔ 

ان کا مؤقف ہے کہ ریکارڈ درست ہونے کی صورت میں کم از کم 1 سال تک میں ملازمت کا اہل رہ سکتا ہوں۔

اُنہوں نے اس سلسلے میں ریاستی وزیرِ تعلیم اور ایک وکیل کو درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس غیر معمولی واقعے پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے اور بھارتی سرکاری نظام میں تاخیر پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید