• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ ستارے اَن فالو، پاکستانی فنکار اب بھی موجود، کرن جوہر کی فالوئنگ لسٹ وائرل

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ کوئی فلم یا شو نہیں بلکہ ان کی انسٹاگرام سرگرمی ہے۔

کرن جوہر نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے متعدد نامور بالی ووڈ شخصیات کو اَن فالو کر دیا، جن میں عالیہ بھٹ، شاہ رخ خان، ورون دھوون، کرینہ کپور اور رنبیر کپور سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔

اس اچانک اقدام نے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا طوفان برپا کر دیا ہے، تاہم دلچسپ بات یہ رہی کہ کرن جوہر نے چند معروف پاکستانی فنکاروں کو بدستور فالو کرنا برقرار رکھا ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کرن جوہر اب بھی علی ظفر، فواد خان، ماہرہ خان اور عمران عباس کو فالو کر رہے ہیں، جس پر بھارتی اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

تاہم کرن جوہر نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسی ذاتی اختلاف یا تنازع کا نتیجہ نہیں بلکہ ڈیجیٹل ڈیٹاکس کا حصہ ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ میں سوشل میڈیا پر صرف ہونے والا وقت اور توانائی کم کرنا چاہتا ہوں، اسی لیے سب کو اَن فالو کر رہا ہوں۔

کرن جوہر نے کہا کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر سنسنی خیز نہ بنایا جائے کیونکہ یہ کوئی بڑی خبر نہیں بلکہ میرا ذاتی فیصلہ ہے۔

فلم ساز کا کہنا ہے کہ خدا کے لیے اسے قومی خبر مت بنائیں، کسی اور چیز کو کلک بیٹ بنا لیں، یہ معاملہ اتنا اہم نہیں۔

کرن جوہر کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ بالی ووڈ ستاروں کو اَن فالو کرنے کے باوجود پاکستانی فنکار ان کی فالوئنگ لسٹ میں کیوں برقرار ہیں؟

انٹرٹینمنٹ سے مزید