امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادی سلطنت عمان پر ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے لیے شدید دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع میں عمان کے غیر جانبدارانہ رویے کو امریکا اب اپنے لیے خطرہ محسوس کرنے لگا ہے اور اب امریکا نے عمان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر دے۔
رپورٹ میں عرب حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ 2 مذاکرات میں ثالثی کرنے میں مدد کرنے والا ملک عمان اب اچانک امریکا کی جانب سے آنے والے اس دباؤ پر حیران ہے۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اس حوالے سے بات کرنے کے لیے جب عمانی وزیرِ اطلاعات سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس معاملے پر کوئی واضح تبصرہ نہیں کیا۔
عمانی وزیرِ اطلاعات عبداللّٰہ الحراسی نے کہا کہ عمان استحکام کو فروغ دینے اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا اور دیگر تمام ذمے دار شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک غیر مستحکم خطے میں ذمے دار قیادت کا مطلب ہے کہ رابطوں کو بحال رکھا جائے اور کشیدگی کو تنازعات میں بدلنے سے روکا جائے۔
رپورٹ میں عرب حکام کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمان کے ایران کے ساتھ بیک چینل رابطوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران خطے میں فلائٹ کوریڈورز کو دوبارہ کھولنے میں مدد کی۔