امریکی پاپ سپر اسٹار ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت 2 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد انہوں نے دنیا کی امیر ترین خاتون موسیقار ہونے کا اعزاز مزید مستحکم کر لیا ہے۔
فوربز کی جانب سے 3 جون کو جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹیلر سوئفٹ 2 سال قبل 2024ء میں 1 ارب 60 کروڑ ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل ہوئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کی دولت میں سب سے بڑا حصہ ان کے ریکارڈ ساز دی ایراز ٹور سے آیا ہے، جو 2023ء سے 2025ء تک جاری رہا اور تاریخ کے کامیاب ترین میوزک ٹورز میں شمار کیا جاتا ہے۔
فوربز کے اندازے کے مطابق ان کے 2 ارب ڈالرز کے اثاثوں میں سے تقریباً 80 کروڑ ڈالرز رائلٹیز اور کنسرٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی، 60 کروڑ ڈالرز مالیت کا میوزک کیٹلاگ، 11 کروڑ ڈالرز کی جائیدادیں شامل ہیں۔
گزشتہ 2 برس کے دوران ٹیلر سوئفٹ نے 2 نئے البمز بھی ریلیز کیے، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ابتدائی 6 البمز کے حقوق بھی دوبارہ خرید لیے، جس سے ان کے میوزک کی مجموعی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
فوربز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ پہلی موسیقار ہیں جنہوں نے اپنی گلوکاری، گیت نگاری اور پرفارمنسز کی بنیاد پر اربوں ڈالرز کی دولت بنائی، جو موسیقی کی صنعت میں ایک منفرد اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
اگرچہ وہ دنیا کی امیر ترین خاتون موسیقار ہیں، تاہم مجموعی طور پر سب سے امیر موسیقار کا اعزاز اب بھی جے زی کے پاس ہے، جن کی دولت کا تخمینہ 2.8 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔