پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور معروف ہدایت کار اقبال حسین نے حال ہی میں اپنی محبت اور پہلی ملاقات سے متعلق دلچسپ یادیں شیئر کی ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اقبال حسین نے پہلی بار انکشاف کیا کہ میں نوجوانی کے زمانے سے ہی بشریٰ انصاری کا بڑا مداح تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کالج کے دنوں میں بشریٰ انصاری کی رسالوں سے کاٹی گئی تصاویر اپنے پاس سنبھال کر رکھتا تھا۔
اقبال حسین کے مطابق میں اکثر اسلام آباد بھی جایا کرتا تھا کیونکہ بشریٰ انصاری وہاں کام کرتی تھیں، تاہم اس زمانے میں بشریٰ اپنی مصروف زندگی میں مگن تھیں اور انہیں میرے جذبات کا کوئی اندازہ نہیں تھا۔
دوسری جانب بشریٰ انصاری نے بھی ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا ہے کہ 1990ء کی دہائی میں ایک ٹی وی شو کی میزبانی کر رہی تھی جس میں نوجوان اقبال حسین بطور مہمان شریک ہوئے تھے۔
اداکارہ کے مطابق میں نے اس وقت اقبال حسین کے بالوں کے انداز پر ہلکا پھلکا مذاق بھی کیا تھا، لیکن اقبال نے کوئی جواب نہیں دیا، بعد میں اقبال حسین نے بتایا کہ وہ دراصل مجھے سامنے دیکھ کر اتنے متاثر اور حیران تھے کہ کچھ بول ہی نہیں پائے۔
جوڑے کے مطابق یہی ان کی پہلی باضابطہ ملاقات تھی، جو برسوں بعد ایک خوبصورت رشتے میں تبدیل ہو گئی۔